منبرو محراب سے عوام کو کورونا کی تباہ کاری سے آگاہی دی جائے، خورشید کھوکھر

109

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) علم ہی انسان کو طاقتور اور اللہ کے قریب کرتا ہے، علما کرام کامعاشرے کی اصلاح میں بڑا کردار ہوتا ہے، کیوں کہ آپ معاشرے میں دین کے داعی اور علمبردار ہیں۔ عوام کو منبرو محراب کے پلیٹ فارم سے کورونا وائرس کی تباہ کاری سے آگاہی، احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ترغیب اوررجوع الی اللہ کی ہدایت کریں۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت اسپتال ٹنڈوالہٰیار کے صدر خورشید کھوکھر ، ایڈمنسٹریٹر محمد یونس، رائو جاوید نے الخد مت اسپتال میں کور ونا وائرس کے سلسلے میں آگاہی مہم کے سلسلے میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، سندھ حکومت کے اقدامات دیگر صوبوں کے لیے عملی نمونہ ہیں، جس طرح سندھ حکومت نے ماہرین کی مدد سے لے کر کورونا کو روکنے کے اقدامات کیے ہیں اور اس کے متاثرین کو محفوظ جگہ منتقل کرنے اور اسکو روکنے کے لیے فی الفور حکمت عملی اختیار کی ہے، تمام عمل قابل تعریف ہے۔ عوام اس کو روکنے کے لیے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، کورونا وائرس کے ٹیسٹ کو سرکاری اور نجی اسپتالوں میں آسان اور مفت بنایا جائے، جو نجی اسپتال کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی بے جا فیس لے رہے ہیں حکومت ان کیخلاف کریک ڈائون کرے، جن لوگوں نے اس وبا کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے، حکومت کو ان لوگوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ملک میں ایک وبا پھیلی ہوئی ہے، اس کو روکنے کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔ تمام مسلمان اللہ سے استغفار اور توبہ کریں اور اللہ سے عافیت مانگیں۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کورونا وائرس سے پیدا ایمرجنسی حالات میں مارچ اور اپریل کے بجلی اور گیس کے بل معاف کیے جائیں۔ انڈسٹریز کو دیے جانے والے اضافی چارجز بجلی بل ختم کیے جائیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 50 فیصد کم کرکے عوام کو معاشی ریلیف دیا جائے۔ تمام سرکاری وغیر سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کا مفت انتظام کیا جائے۔