سکھر، لاک ڈائون کے اعلان پر منافع خور اور ذخیرہ اندوز سرگرم

206

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ میں ممکنہ طویل لاک ڈائون کے اعلان پر سکھر میں منافع خور اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہوگئے، اشیا خورونوش کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع خوری کا بازار گرم، شہری منافع خوروں کے رحم و کرم پر۔ سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے سندھ میں ممکنہ طویل لاک ڈائون کے اعلان کے بعد سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح سکھر میں منافع خور اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہوگئے ہیں۔ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں اشیا خورونوش کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کا بازار گرم کردیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سپر اسٹورز پر لوگوں کا جم غفیر ہے، تو سپر مارکیٹوں میں خریداری کی طاقت نہ رکھنے والے متوسط طبقے کے افراد اپنے محلوں کے کریانہ اسٹوروں سے یومیہ استعمال کی اشیا خرید کر گزر بسر کررہے ہیں۔ منافع خوروں نے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ سکھر میں منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے من مانی قیمتوں پر شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر شہریوں کو مقرر کردہ سرکاری نرخ پر اشیا خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔