میرپور خاص، گھر میں شادی کی تقریب کرنے پر 15 افراد گرفتار

379

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پولیس نے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے پابندی کے باوجود گھر میں شادی کی تقریب منعقد کرنے پر 15 افراد کو گرفتار کرلیا، دولہا فرار ہوگیا۔ کورونا وائرس سے بچائو کی تدابیر کے حوالے سے پانچ افراد سے زائد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن ضلع تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ سے میرپورخاص کے پولیس اسٹیشن محمود آباد کے علاقے ناصر ٹائون کے رہائشی اللہ جڑیو کے گھر میں چند افراد پر مشتمل بارات آئی اور شادی کی تقریب کا آغاز ہوا تو پولیس نے اطلاع ملنے پر چھاپا مار کر 15 افراد ہاشم، جاوید، حسن، اللہ جوڑیو، اشرف، رسول بخش، ذوالفقار، طاہر، اللہ رکھیو، محمد منیر، محمد جمن، نذر محمد اور دیگر کو گرفتار کرلیا جبکہ دولہا فرار ہوکر خواتین میں چلا گیا۔ تاہم اس سلسلے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے تمام گرفتار افراد کو رہا کردیا۔