کورونا وائرس سیسی میں حفاظتی اقدامات کیے جائیں

336

کورونا وائرس سے بچائو کے لیے سوشل سیکورٹی اسپتال ڈسپنسریوں اور پلانٹ پر بھی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ سوشل سیکورٹی اسپتالوں میں آئی سولیشن وارڈکا قیام اوراسکریننگ مشین تنصیب کی جائے ۔لاک ڈاون کی صورت میں محنت کشوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ این ایل ایف صنعتی علاقوں میں حفاظتی ماسک تقسیم کرے گی ۔یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی زون کے صدر خالد خان نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کی ہنگامی مجلس مشاورت سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی زون کے جنرل سیکرٹری قاسم جمال ،سینئر نائب صدر امان بادشاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ خالد خان نے کہا کہ کوروناوائرس کی وجہہ سے ملک میں خوف اور دہشت کی فضا ہے۔ لوگوں نے لاک ڈاون کے خوف سے مہینوں کا راشن جمع کر لیا ہے لیکن غریب مزدور جس کا پہلے ہی گزر بسر مشکل ہوگیا تھا۔ ان حالات میں شدید پریشان اور مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت سندھ فوری طور پر تمام سوشل سیکورٹی اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں کورونا سے بچائو کے لیے خصوصی وارڈ قائم کریں۔ فیکٹری مالکان کی جانب سے بھی پلانٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو سیفٹی ماسک فراہم کیے جائیں اور کورونا سے بچائو کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کو مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ نیشنل لیبرفیدریشن کراچی زون بھی اس نازک موقع پر اپنا کردار ادا کرے گی ۔اس سلسلے میں تما م صنعتی علاقوں، اسپتالوں اور لیبر کالونیوں میں آگہی اور حفاظتی بینر آویزاں کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی کے پاس محنت کشوں کا اربوں روپے کا فنڈ اور پیسہ موجود ہے۔ حکومت یہ پیسہ اور فنڈ سیاسی طور پر استعمال کرنے کے بجائے محنت کشوں پر خرچ کرے اور مزدور کا پیسہ مزدور پر ہی خرچ ہونا چاہیے ۔اس سلسلے میں خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس مہم کی نگرانی کرے گی اور وزیر اعلیٰ سندھ ،گورنر سندھ، وزیر محنت، سیکرٹری لیبر،ڈائریکٹر لیبر اور کمشنر سوشل سیکورٹی کو بھی خصوصی خطوط لکھے جائیں گے۔ جنرل سیکرٹری این ایل ایف کراچی قاسم جمال نے کہا کہ کررونا وائرس ایک عذاب ہے ہم سب کو اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی۔ امان بادشاہ نے کہا کہ پانچ ٹائم نمازوں اور وضو کے ذریعے بھی اس وبائی مرض سے بچا جا سکتا ہے۔ حلال اور حرام کی تمیز کی جائے اور مسلمانوں پر ظلم بند کیا جائے۔