راوی آٹوز‘ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے

215

آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کا اہنگامی اجلاس زیر صدارت محمد نور گجر صدر فیڈریشن منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30 سے زائد ٹریڈ یونینز نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ روبینہ جمیل، انور گجر، ایم سرور، شبیر شاہ، مرزا ظفر حسین، سعید گجر، امیر احمد بٹ، محمد الیاس، محمد اشرف و دیگر نمائندگان نے کہا کہ راوی آٹوز شاہدرہ میں بے گناہ ورکر محمد رضوان پر مالکان کامران افضل نے فائرنگ کرکے شہید کردیا اور دیگر 4 ورکرز کو شدید زخمی کردیا۔ روبینہ جمیل نے کہا کہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ مدینہ کی ریاست میں ورکر کو شہید کردیا گیا ہے اور قاتل ابھی تک دندناتے پھر رہے ہیں اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ اجلاس میں اداروں پر بھی شدید نکتہ چینی کی گئی اور کہا کہ علاقہ پولیس کی بھی کوئی کارکردگی نہیں ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ شہید رضوان کے گھر والوں کو فوری طور پر 20 لاکھ روپے اور زخمی کارکنوں کو 10,10 لاکھ روپے ادا کیے جائیں۔ فیکٹری کو فوری طور پر چلایا جائے اور مزدوروں کو 4 ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔ اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن اور لیبر رابطہ کمیٹی پورے ملک میں مظاہرے کرے گی۔