پاکستان میں ٹین پن بولنگ مقبولیت اختیار کررہا ہے،خواجہ احمد مستقیم

255

اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر خواجہ احمد مستقیم نے کہاہے کہ ملک میں ٹین پن بولنگ کے کھیل آہستہ آہستہ مقبولیت اختیار کر رہا ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان اوپن ٹین پن بولنگ چمپئن شپ 25 مارچ سے کراچی میں کھیلی جانی تھی تاہم کورونا وائرس کے باعث اس کو ملتوی کردیا گیا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور اسپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور اسپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ دوسرے کو فروغ حاصل ہوسکے، خواجہ احمد مستقیم نے کہا کہ ایک دور تھا کہ پاکستان نے دنیا پر کھیلوں کے میدان ہاکی، کرکٹ، اسنوکر اورا سکواش میں حکمرانی کررکھی ہے، آہستہ آہستہ یہ اعزازت ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے اس کی سب بڑی وجہ یہ تھی کھلاڑیوں نے کھیلوں میں دلچسپی لینی چھوڑ دی ہے کیونکہ کھلاڑی کہتا ہے کہ ہمیں وہ مقام حاصل نہیں ہے جو انٹرنیشنل سطح پر ایک کھلاڑی کو حاصل ہے اور اب گذشتہ ماہ پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر کبڈی عالمی کپ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے پاس ابھی تک کوئی کھیلنے کے لئے کوٹ تک نہیں اور حکومت کوٹ بنانے کے لئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں جگہ فراہم کرے اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کئی سال پہلے پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کو کھیلنے کے کورٹ کیلئے جگہ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی تھی اور یہ معلوم نہیں ہے کہ اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی کہ پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کی روشنی میں جگہ الاٹ کی جائے تاکہ ٹین پن بولنگ کھیلنے کے لئے کورٹ بنایاجائے۔خواجہ احمد مستقیم نے ملک میں ٹین پن بولنگ کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ٹین پن بولنگ کا کھیل مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔