کورونا وائرس سے نمٹنےکےلیے سعودی اقدامات قابل تعریف ہیں‘ ادعیہ وہاج

348

امپاورنگ پاکستانی ویمن آف جدہ کی چیئرپرسن، ماہر غذائیات اور صحافی ادعیہ وہاج نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے جو حفاظتی اقدامات کیے ہیں، وہ قابل تعریف ہیں۔ نمایندہ جسارت سید مسرت خلیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کی حکومت نے عوام اور تارکین وطن کی صحت و عافیت کے لیے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ اس سے قبل کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی علما بورڈ نے جمعہ اور دیگر نمازوں کی باجماعت ادائیگی پر پابندی عائد کی تھی جبکہ عمرہ ادائیگی کو بھی عارضی طور پر بند کیا جا چکا ہے۔ حرمین مکی و مدنی کے سوا ملک بھر کی تمام مساجد میں صرف اذان دینے کی اجازت ہے اور تاحکم ثانی نمازوں کی ادائیگی پر پابندی لگائی گئی ہے۔
جدہ میں موجود پاکستانیوں کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے سعودی حکومت کےاحتیاطی اقدامات اور قوانین کی پابندی سے متعلق بات کرتے ہوئے ادعیہ وہاج کا کہنا تھا کہ نہ صرف حکومتی فیصلے قابل تعریف ہیں بلکہ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے کی زیر سرپرستی پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مفت طبی کیمپ کو بھی تاحکم ثانی منسوخ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر شریف زمان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد عبید، شعبہ خواتین کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون اور دیگر اراکین نے پاکستانی برادری سے اپیل کی ہے کہ تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
سوسائٹی کے پریس اینڈ پبلی کیشن سیکرٹری و معروف نعت خواں محمد نواز جنجوعہ نے کہا کہ مئی 2006ء کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ طبی کیمپ بند کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک جلد اس وبا سے نجات عطا کرے۔ محمد نواز جنجوعہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کو وطن واپس پہنچانے کے لیے فلائٹ آپریشن جاری تھا جو 21 مارچ کو بند کردیا گیا ہے۔