تفتان قرنطینہ سینٹر میں کورونا سے کلیئر 295 افراد گھر بھیج دیے گئے

190

کوئٹہ (آن لائن) پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں قائم قرنطینہ مراکز سے کلیئر ہونیوالے 295 افراد کو آبائی علاقوں کی جانب سخت سیکورٹی میں روانہ کردیا گیا، قرنطینہ سینٹرز میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 400 کے قریب زائرین سمیت دیگر افراد مقیم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے حکم پر نورالامین مینگل کو خصوصی فوکل پرسن برائے قرنطینہ ریلیف آپریشن مقرر کیا گیا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت قرنطینہ مراکز میں بنیادی ضروریات کی جدید سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ قرنطینہ مراکز پر تعینات اہلکاروں اور ٹرانسپورٹرز کو خصوصی تربیت کے ساتھ حفاظتی کٹس بھی دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ این آئی ایچ اسلام آباد کی جانب سے بھیجی گئی موبائل لیب کے لیے ٹیکنیکل ٹیم بھی کوئٹہ سے تفتان پہنچ گئی ہے۔ تفتان کے قرنطینہ مراکز میں 16 زائرین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنہیں کوئٹہ میں قائم آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ نورالامین مینگل کے مطابق قرنطینہ مراکز سے روانہ 295 افراد میں پنجاب کے 148، خیبر پختونخوا کے 125، سندھ کے 18اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے 4 افراد شامل ہیں۔