میڈیا ہائوسزکورونا سے متعلق خوف و سنسنی پھیلانے سے گریز کریں‘ پیمرا

148

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میڈیا ہائوسز سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ماہرین صحت کی ہدایات اور مشوروں کے مطابق سماجی میل ملاپ سے دوری کی اہمیت اور شعور کو اجاگرکریں‘ مارننگ ، مزاحیہ اورطنزیہ شوز حاضرین کی موجودگی کے بغیر منعقد کیے جائیں‘ میڈیا ہائوسزکورونا سے متعلق خوف و سنسنی پھیلانے سے گریز کریں۔ پیمرا کی جانب سے اتوارکو جاری بیان میں میڈیا ہائوسز سے کہا گیا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ کورونا وائرس متعدی ہے اور یہ ایک فرد سے دوسرے فرد کو آسانی سے منتقل ہوسکتا ہے اس لیے افراد کے درمیان مناسب دوری اور فاصلہ جو کم سے کم ایک میٹر ہے‘ رکھنا ضروری ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ میڈیا ہائوسز کو عوامی مفاد کی فلمیں، مقبول ڈرامے اورایوارڈ شوز وغیرہ دکھانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ لوگ گھروں میں بیٹھ کر اپنے پسندیدہ پروگرام دیکھیں۔ میڈیا ہاوسز سے استدعاکی گئی ہے کہ وبا کے تناظر میں خوفناک اور سنسنی پھیلانے والی رپورٹوں کے بجائے ذمے داری کے ساتھ رپورٹنگ کی جائے۔