شاہ محمود کا ایرانی ہم منصب کو فون، کورونا کی تباہ کاریوں پر گفتگو

145

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
کیا اور کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام جس بہادری سے اس عالمی وبا ء کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ یقیناً قابل تحسین ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو اس کڑے وقت میں ایران پر عاعد پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران پر پابندیاں ہٹوانے کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی بھرپور کاوشوں پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے برادر ملک ہونے کے ناتے، اس کڑے وقت جو کردار ادا کیا ہے وہ مثالی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کو بتایا کہ میری جرمنی کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو ہماری درخواست پر انہوں نے وعدہ کیا کہ کل یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وہ اس معاملے کو اٹھائیں گے،میں نے ان سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس عالمی وباء کو پیش نظر رکھتے ہوئے، قرض کے بوجھ تلے دبے ، ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے وسائل کو اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے بروئے کار لا سکیں ،انہوں نے کہا کہ میں سارک وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کر کے انہیں ایران پر عاید پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے بات کروں گا۔