صدر مملکت کایوم پاکستان پر بانی رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش

99

اسلام آباد(اے پی پی)یوم پاکستان پر بانی رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے جو کہ گزشتہ 7ماہ سے زاید عرصے سے غیرانسانی لاک ڈائون اور مواصلاتی بندش کا شکارہے۔ صدر نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو گا اور ان کے جائز حق خودارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے کیونکہ آج کے دن 1940ء میں تاریخی قرارداد لاہور پاس کی گئی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک عظیم مقصد کے لیے متحد کیا، برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر علیحدہ وطن کے لیے غیرمتزلزل عزم ظاہر کیا جس میں وہ اپنے مذہب، روایات، اقدار اور ثقافت کے مطابق اپنی زندگی گزارسکیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے دیگر تمام عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے تخلیق پاکستان کی راہ ہموار کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیں ہم اپنے ملک کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنے آباء و اجداد کے نقش قدم پر چل کر ان کی میراث اور ورثے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کریں۔