مائو باغیوں کے حملے میں 17 بھارتی کمانڈوز مارے گئے

213

 

راج پور(آن لائن) بھارت میں ما ئونواز باغیوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں17اہلکار ہلاک اور15زخمی ہوگئے جب کہ12 اہلکارلاپتا ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گزرنے والے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر300سے زاید مائو نواز باغیوں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر 17اہلکارہلاک اور15زخمی ہوگئے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مائو نواز باغیوں کے ایک گروہ نے پولیس کمانڈوز کے قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں4باغی بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سے12اہلکارلاپتا ہیں۔حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی مائو باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔باغی جاتے ہوئے اسلحہ بھی لے گئے۔واضح رہے کہ جھاڑ کھنڈ، مغربی بنگال، اڑیسہ، بہار، چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش سمیت دیگر ریاستوں میں1960ء سے مائو نواز کارکنان بھارت سے آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔