قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

979

 

اور (اے نبیؐ) یاد رکھو اْس عہد و پیمان کو جو ہم نے سب پیغمبروں سے لیا ہے، تم سے بھی اور نوحؑ اور ابراہیمؑ اور موسیٰؑ اور عیسیٰؑ ابن مریم سے بھی سب سے ہم پختہ عہد لے چکے ہیں۔ تاکہ سچے لوگوں سے (ان کا رب) ان کی سچائی کے بارے میں سوال کرے، اور کافروں کے لیے تو اس نے درد ناک عذاب مہیا کر ہی رکھا ہے۔ اے لوگو، جو ایمان لائے ہو، یاد کرو اللہ کے احسان کو جو (ابھی ابھی) اْس نے تم پر کیا ہے جب لشکر تم پر چڑھ آئے تو ہم نے اْن پر ایک سخت آندھی بھیج دی اور ایسی فوجیں روانہ کیں جو تم کو نظر نہ آتی تھیں اللہ وہ سب کچھ دیکھ رہا تھا جو تم لوگ اس وقت کر رہے تھے۔ (سورۃ الاحزاب:7تا9)

نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس مومن نے کسی مومن کو بھوک کی حالت میں کھانا کھلایا تو اللہ تعالیٰ اُسے جنت کے پھل کھلائے گا، اور جس مؤمن نے کسی مؤمن کو اس کی حالت پیاس میں پانی پلایا تو اللہ اس کو جنت کی سربستہ شراب پلائے گا۔ اور جس مومن نے کسی مومن کو برہنگی کی حالت میں لباس دیا تو اللہ تعالیٰ اسے جنت کا سرسبز ریشمی لباس زیب تن کرائے گا۔(ابوداود، ترمذی)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کے خوف سے رونے والے انسان کا دوزخ میں جانا ایسے ناممکن ہے جیسے تھنوں سے نکلا ہوا دودھ تھن میں واپس جانا ناممکن ہے اور اللہ کی راہ میں پہنچنے والا گرد وغبار اور دوزخ کا دھواں جمع نہیں ہوسکتے۔ (ترمذی)