شہری غیر ضروری نقل و حرکت فوری ترک کردیں، کراچی پولیس

120

کراچی(صباح نیوز)کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے حکومت سندھ کے واضح احکامات کے تحت مختلف امور پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ایک بیان میں ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں تمام شاپنگ مال ، تجارتی مراکز ، چائے خانے بند رہیں گے، البتہ ریسٹورنٹس اور چائے خانوں کو پارسل کی اجازت ہو گی، شہر میں الیکٹرونکس و آٹو پارٹس مارکیٹس، کپڑوں ،فرنیچر کی دکانیں، باربر شاپ ، بیوٹی پارلر اور ہر قسم کے بچت بازار بھی بند رہیں گے۔ترجمان کراچی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی غیر ضروری نقل و حرکت کو فوری ترک کر دیں، اپنے گھروں پر رہ کر اپنا اور دوسروں کا کورونا وائرس سے تحفظ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے کلفٹن، سی ویو، ہاکس بے، منوڑہ سمیت تمام ساحلوں اور تفریحی مقامات پر جانے کی پابندی ہو گی ، جبکہ سوئمنگ پولز اور واٹر پارکس بھی بند رہیں گے، کراچی میں تمام شادی ہال اور فارم ہاؤسز میں منعقدہ تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں ،نیز گھروں کے اندر ہونے والی تمام تقریبات اور اجتماعات پر بھی پابندی ہو گی۔کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق تمام مذہبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تمام تعلیمی ادارے اور مدارس بند رہیں گے۔ترجمان کراچی پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر سے باہر جانے والی اور بیرونِ شہر سے آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔پولیس ترجمان کے مطابق عوام کی سہولت کی خاطر ضروری اشیائے خور و نوش کی دکانیں، بیکریاں، سپر مارٹ ،دودھ اور کریانہ کی دکانیں ، پیٹرول پمپ، تمام اسپتال، میڈیکل اسٹورز اور کلینکس کھلے رہیں گے، کھانے پینے کی اشیا کی ہوم ڈلیوری، اشیائے خور و نوش کی ترسیل کے لیے ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کی اجازت ہو گی، نیز میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں نقل و حرکت کی بھی مکمل اجازت ہے۔