کورونا سے نجات کا راستہ رجوع الی اللہ ہے ‘قاری محمد عثمان

490

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی وباؤں سے نجات کا راستہ رجوع الی اللہ ہے۔ سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ وقت کی ضرورت ہے۔ جمعیت علما اسلام ہر قسم کے تعاون کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔عوام اپنی مدد آپ کے تحت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیساتھ روحانی اعتبار سے بھی اپنے آپکو مضبوط کریں۔ یہ وقت احساس اور ہمدردی کا ہے نہ کہ نفرتوں اور سیاست کا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ وباؤں اور بیماریوں میں کثرت سے استغفار اور دعائیں مانگی جائیں۔ اسلام تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔اسباب کے اختیار کرنے کے بعد اللہ کی ذات پر توکل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ائمہ مساجد پنج وقتہ نمازوں میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا درس دیں۔ رجوع الی اللہ اور کثرت استغفار کی تلقین کرتے ہوئے گھروں میں رہنے کی تاکید کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن کے حکم پر جمعیت علما اسلام کے رضاکاروں کا اینٹی کورونا سیل قائم کردیا گیا ہے۔ ملک بھر سے 40 ہزار سے زائد رضاکار امدادی ٹیموں میں کام کرنے کیلیے پیش۔ وائرس کے خاتمے تک تمام رضاکار بلامعاوضہ خدمات سرانجام دیں گے۔