کوروناسے بچائو کیلیے احتیاطی تدابیر پرعمل کیاجائے‘آئی جی

252

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس سے بچائو کیلیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اس بات کی ہدایت آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کراچی پولیس آفس میں شہر میں امن وامان کی صورتحال میں پولیس کے آپریشنل اور تفتیشی امور کے سلسلے میںبلائے گئے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ،ان کا مزیدکہنا تھاکہ اسٹریٹ کریمنلز سمیت مفرورواشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری رکھاجائے،اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد،اسٹریٹ کرائمز،مفرور واشتہاری ملزمان کے خلاف پولیس اقدامات سمیت چالان کیے گئے۔ مقدمات اور زیر التواچالان کے علاوہ زیرالتوا ڈی این اے رپورٹس پر دی جانیوالی بریفنگ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا،جس کے بعد آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور اجلاس میں شریک تینوں زونل ڈی آئی جیز،ضلعی ایس ایس پیز اور ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کو ضروری ہدایات دیں۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا ایک وبائی چیلنج بن کر سامنے آیا ہے اس وائرس سے نمٹنے لیے حکومت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے ہدایات دیں کہ مختلف نوعیت کے جرائم اور اسٹریٹ کرائمز سے متاثرہ علاقوں میں پولیس پیٹرولنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو متعلقہ ایس ایچ اوز کی سپرویژن میں نا صرف بڑھایا جائے بلکہ جامع امورکومؤثر اورمربوط بھی بنایا جائے۔