بیروزگاروں کیلیے الخدمت فنڈز میں عطیات جمع کرائیں، حافظ نعیم کی اپیل

856

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر میں لاک ڈاؤن سے بے روزگارہونے والے شہریوں کی امداد کے لیے مخیر حضرات سے بھرپور تعاون کی
اپیل کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاکہ شہرمیں کورونا وائرس کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں ، گھروں میں فاقے کی نوبت تک آگئی ہے ،ایسی صورتحال میں بحیثیت مسلمان اور ذمہ دار شہری کے تاجر ، صنعت کار اور مخیر حضرات آگے بڑھ کر اپنے مستحق بھائیوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کے قائم کردہ ’’کورونا ہیلپ سینٹر‘‘ پر الخدمت فنڈز میں غذائی اجناس اور عطیات جمع کرائیں ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے شہر بھر کے متعدد مقامات میںمتاثر ہونے والے شہریوں کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا انتظام کیاہے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ شہر میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے مرکزی ہیڈ آفس میں ’’انفارمشین ڈیسک‘‘ قائم کردی ہے ، اس کے علاوہ شہر بھر میں70سے زائد ’’کورونا ہیلپ سینٹر‘‘ میں مستحقین کو راشن کی فراہمی ، ٹیسٹ اور علاج کے حوالے سے آگہی کا آغاز کردیاگیا ہے ،جب کہ شہر کی 126 مساجد اور 54بستیوں میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا اور شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں کورونا آگہی کے حوالے سے بینرز لگائے گئے ہیں اور ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہزاروں شہریوں میں ہاتھ دھونے کے صابن ، سینیٹائزر، ماسک،قرنطینہ سینٹر میں پانی کی بوتلیں اورضرورت مند افراد میں الخدمت کی جانب سے راشن بھی تقسم کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے الخدمت کا PDMAسے مسلسل رابطہ جاری ہے جب کہ الخدمت ہسپتال میں ’’اسکریننگ ڈیسک ‘‘بھی قائم کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائر س کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید ، الخدمت فاؤنڈیشن کے قاضی صدر الدین بھی موجود تھے ۔