ایم کیو ایم کا یوٹرن؛ وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کا اعلان

847

کراچی: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے وفاقی کابینہ میں دوبارہ واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم بہتر سمجھتے ہیں کہ ہمیں اب کابینہ میں واپس چلے جانا چاہیے کیونکہ ہمارے مطالبات میں پیش رفت ہوئی ہے جس سے پارٹی اراکین مطمئن ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا کابینہ میں واپسی کا فیصلہ لائق تحسین ہے،ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قوم نے یکجا ہوکر کورونا کے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے،ایم کیوایم کی کابینہ میں شمولیت کراچی کے شہریوں کی بہتری کے لیے حکومتی کاوشوں کو تقویت دے گی۔

خیال رہے کہ خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حیثیت سے 12 جنوری 2020ء کو وفاقی کابینہ سے علحیدگی کا اعلان کیا تھا۔

مزید اس خبر میں پڑھیں: خالد مقبول صدیقی کا وفاقی کابینہ چھوڑنے کا اعلان