کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان

767

کراچی: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے طویل مشاورت کے بعد صوبے بھر میں آج رات 12 بجے سے 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں، قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھیں، کسی مریض کو اسپتال لے جانے کے لیے مریض کے ساتھ صرف دو افراد کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں میڈیکل اسٹور ، کریانہ اسٹور اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بجلی اور گیس کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ جن صارفین کا بجلی کا بل 5000 روپے اور گیس کا بل 2000 روپےتک ہے ان سے یہ بلز اگلے دس مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کر کے لیں تاکہ عوام پریشان نہ ہوں۔

واضح رہے کہ صوبے سندھ میں کورونا وائرس سے بیمار افراد کی تعداد 292 جبکہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 645 ہوگئی ہے۔