حکومت اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں ہے ‘ ہمایوں اختر خان

180

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت قوم کے اتحاد سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے پر عزم ہے ۔آنے والے دنوں میں ایران سے زائرین اور طلبہ کی پانچ ہزار کی کھیپ نے پاکستان پہنچنا ہے جس کیلیے حکومت نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔،عوام کو مشکلات سے بچانے کیلیے وفاقی اور صوبائی سطح پر کثیر رقم سے فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے متحرک اور فعال کردار ادا کیا ہے اور اس کیلیے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیا گیا ،عالمی اداروں کی جانب سے بھی پاکستانی حکومت اور اداروں کے کردار کو سراہا جارہا ہے ۔ عالمی پابندیوں کی وجہ سے ایران بے پناہ مشکلات کا شکار ہے اور اس نے زائرین کو واپس بلانے کی درخواست کی تھی ۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے شروع کیے گئے اقدامات میں جو کمی کوتاہیاں سامنے آرہی ہیں ان پر قابو پایا جارہا ہے ۔