حکومتی و سیاسی شخصیات کی پریس کانفرنسوں پر پابندی کیلیے درخواست

132

لاہور (نمائندہ جسارت) حکومتی، سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس کی پریس کانفرنسوں پر پابندی کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ پریس کانفرنس کی کوریج کے موقع پر درجنوں افراد موجود ہوتے ہیں، صحافیوں، کیمرہ مینوں اور ٹیکنیکل اسٹاف کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں، پریس کانفرنس کے منتظم اور کوریج کرنے والے صحافی وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائرکی گئی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے باعث ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے، حکومتی، سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس غیر ضروری پریس کانفرنسیں کرنے میں مصروف ہیں، حکومتی پابندی اور دفعہ 144کے باوجود پریس کانفرنسوں کا انعقاد غیر قانونی ہے، عدالت ہر قسم کی پریس کانفرنس پرپابندی کا حکم دے۔