صفائی نصف ایمان اور یہی ہر وائرس کا علاج ہے، راشد نسیم

305

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلام دین فطرت ہے سنت نبویؐ کے مطابق صفائی و طہارت کے طریقے کو اپنا کرہرطرح کے وائرس سے بچاجاسکتا ہے ۔مبارک مسجد میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ احتیاط و پاکیزگی سے ہی کیاجاسکتا ہے ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ کی طرف آناچاہیے خوف خدا ، حب رسولؐ اور فکرآخرت ہی ہماری کامیابی و نجات کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا جن حالات سے گزررہی ہے اس میں اہم ایک وائرس کی آمد ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کورونا ہو ایڈز ، ڈینگی یا دیگر مہلک امراض سب مغرب کی طرف سے آئے ہیں جو لوگ حرام ونجس غذا کا استعمال کرتے ہیں ان پر وائرس جلدی اثر کرتا ہے اور اب تک اطلاعات کے مطابق ایسے ہی متاثرہ لوگوں سے وائرس دوسروں تک منتقل ہوا اور اب مسلمان ممالک بھی اس سے دوچار ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مغرب کے مادہ پرستانہ نظام نے انسان کو سکون نہیں دیا ،خود کشیوں کا سب سے زیادہ رجحان مغربی ممالک میں ہے جہاں خواتین کی بے حرمتی کے واقعات سب سے زیادہ ہیں، انسان کی فلاح و کامیابی مادی طاقت نہیں روحانی سکون اور فطرت کے مطابق زندگی گزارنے میں ہے، ہمیں نمازوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور قرآن و سنت سے اپنے تعلق کو گہرا و مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے رجوع الی اللہ کی مہم شروع کی ہے یہ عام آدمی کی تحریک بننا چاہیے، حضور ؐ نے صفائی کو نصف ایمان قراردیا ہے ہمیں عملی طور پر اس کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اپنی نئی نسل کو بھی اس جانب متوجہ کرنا ہوگا ۔