علما کامعاشرے کی اصلاح میں بڑاکردار ہے،محمد حسین محنتی

100

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ علم ہی انسان کوطاقتور اوراللہ کے قریب کرتا ہے،علما کرام کامعاشرے کی اصلاح میں بڑاکردار ہوتا ہے کیوں کہ علما معاشرے میں دین کے داعی اورعلمبردار ہیں۔علما عوام کو منبرومحراب کے پلیٹ فارم سے کورونا وائرس کی تباہ کاری سے آگاہی، احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ترغیب اوررجوع الی اللہ کی ہدایت کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت جامعۃ الحرمین سے فراغت حاصل کرنے والے مفتیان کرام کے اعزاز میں استقبالیے سے خطاب کے دوران کیا۔جامعۃ الحرمین سے اس سال فارغ ہونے والے مفتیان کرام کی تعداد 16 ہے۔رئیس الجامعہ شیخ القرآن والحدیث مولانا مفتی عطا الرحمن، قائم مقام صدر جمعیت اتحاد العلما سندھ حافظ نصر اللہ چنا،صوبائی نائب امیرعبدالغفار عمر،مولانا آفتاب احمد ملک ،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ،شعبہ تخصص کے اساتذہ ڈاکٹر مفتی حیات محمد، مفتی مصباح اللہ صابر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہاکہ معاشرے کو ایسے علما کی ضرورت ہے جو صحیح تصور دین کے ساتھ عوام الناس کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔بلاشبہ یہ تحریک اسلامی کی ضرورت ہے،آپ لوگوں نے اس ضرورت کو پورا کیا۔