سرمائیدارانہ نظام کورونا وائرس کے مقابلے کی طاقت نہیں رکھتا، غنویٰ بھٹو

251

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی ش ب غنویٰ بھٹو نے کہا ہے سرمائیدارانہ نظام کورونا وائرس کے مقابلے کی طاقت نہیں رکھتا یہ تو شروعات ہے مستقبل میں حالات مزید خراب ہوں گے، سرمائیدارانہ نظام آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے، جس کی مثال چین ہے، جلد پوری دنیا میں نیا نظام آئے گا، اگر حکمران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تو پھر پوری دنیا میں عوام کی حکمرانی ہوگی۔ لاڑکانہ میں اپنی رہائشگاہ المرتضیٰ ہاؤس کے باہر کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے لگائے ہوئے کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے سے صرف نقصان ہوگا کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہماری معیشت پہلے سے کمزور ہوچکی ہے، جس کا ذمے دار سرمایہ دارانہ نظام ہے، اس سے صرف ہمارا ہی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین و دیگر ممالک میں ڈیلی ویجز ملازمین اور شہریوں کے لیے پیکج کا اعلان کیا گیا ہے تاہم وفاقی حکومت اس وقت بھی آئی ایم ایف کی جانب دیکھ رہی ہے اگر آئی ایم ایف نے پیکج دینے کا اعلان کیا تو میں انہیں سلام پیش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی بہتر نیشنل ہیلتھ سروس کے باعث کورونا وائرس پر قابو پالیا ہے، جہاں اب کسی شخص میں بھی اس وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ چند ممالک جہاں نیشنل ہیلتھ سروس بہتر نہیں وہ اب بھی کورونا وائرس کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہتر طبی سہولیات نہ ہونے کے باعث شعبہ صحت کا نظام درہم برہم اور کرپشن ہے، ہمیں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے لیموں پانی کا استعمال کرکے اپنے ارد گرد کے ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ کورونا وائرس سے بچا جاسکے۔ اس سے قبل غنویٰ بھٹو نے کیمپ میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماکس، ہینڈ سینٹائزر، صابن اور ٹشو پیپر تقسیم کرکے شہریوں کو آگاہی بھی دی۔