کچی آبادی اور گوٹھوں میں کورونا سے بچائو کے اقدامات کیے جائیں

152

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عالمی وبا کورونا سے مقابلے کے لیے کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن پاکستان نے ملک بھر کی کچی آبادی اور گوٹھوں میں احتیاطی تدابیر اور وبا سے بچاؤ کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات شروع کردیے ہیں۔ اس بات کا اعادہ کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن (کاگف) کے مشیر اعلیٰ مرشد احمد سفیان گورایا ایڈووکیٹ اور سینئر وائس چیئرمین امداد علی لاشاری نے کچی آبادی مہران ٹاؤن کورنگی میں احتیاطی تدابیر آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر کچی آبادیز حاجی غلام مرتضیٰ بلوچ سے اپیل کی کہ وہ سندھ بھر کی کچی آبادیوں اور گوٹھوں میں عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کے لیے سرکاری سطح پر خصوصی اقدامات کے لیے احکامات جاری کریں۔ ان رہنماؤں نے کہاکہ ملک بھرکی ایک لاکھ پینتیس ہزارکچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مکین کچی آبادیز اینڈگوٹھ فیڈریشن پاکستان کی مرکزی قیادت کے احکامات کی روشنی میں اپنی مددآپ کے تحت میدان عمل میں ہے اور حفاظتی واحتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں اور کچی آبادیوں کی مساجد میں استغفار اور آیت کریمہ کا ورد جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے ملی یکجہتی کی فضا قائم کریں اور وزرا پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرتے ہوئے عوام کی خدمت کواپناشعاربناتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔