پنگریو، زرعی پانی کی چوری کیخلاف اکرم واہ اور پھلیلی نہر میں آپریشن

244

پنگریو (نمائندہ جسارت) ضلع بدین کی نہروں کی ٹیل میں پانی کی قلت اور مین کینالوں میں بااثر زمینداروں کی جانب سے پانی چوری کرنے کی شکایات پر سندھ ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (سیڈا) ایریا واٹر بورڈ کی جانب سے ضلع بدین کو پینے اور زرعی پانی فراہم کرنے والی کینالوں اکرم واہ اورپھلیلی پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی واٹر کنکشن ختم کردیے گئے اور درجنوں کنکشنوں کے سائز درست کیے گئے ہیں جبکہ سلطانی شاخ پر کیے جانے والے آپریشن میں اوور سائز چلنے والے واٹر کورس سیل کردیے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران غیرقانونی طور پر نصب پائپ اور لفٹ مشینیں ضبط کرلی گئیں۔ اس حوالے سے ایریاواٹر بورڈ کے چیئرمین قبول محمدکھٹیان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع بدین کی نہروں کے آخری سرے میں پانی کی قلت اور علی پور ریگیولیٹر کے بالائی حصے میں اکرم واہ اور پھلیلی کینال پر بڑے زمینداروں کی جانب سے اپنے حصے سے زائد پانی حاصل کرنے کی شکایات مل رہی تھیں، جس پر ایریا واٹر بورڈ کی جانب سے آپریشن کیا گیا، جس میں کافی تعداد میں واٹر کنکشن درست کیے گئے اور غیرقانونی چلنے والے پائپ اور مشینیں قبضے میں لے لی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ علی پور ڈائون میں بھی پانی چوروں کیخلاف آپریشن کیا جارہا ہے اور اپنی سائز سے زائد چلنے والے واٹر کورسز کے سائز درست کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکرم واہ کو پختہ کیا جارہا ہے، جس کا تعمیراتی کام بہت جلد شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ضلع بدین کی تمام نہروں کی ٹیل تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ہمارے آپریشن کا بہت مثبت اثر ہوا ہے اور نہروں کی ٹیل تک پانی پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین کینالوں کے بعد نہروں اور شاخوں پر بھی پانی چوروں کیخلاف آپریشن کیا جائے گا جبکہ ضلع بدین کی مختلف نہروں کے کاشت کاروں محمد احمد، میاں بشیر احمد، جان محمد، ابراہیم لوند اور دیگر نے ایریا واٹر بورڈ کی جانب سے پانی چوری کیخلاف شروع کردہ آپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن سے ان علاقوں میں بھی پانی پہنچنا شروع ہوگیا ہے، جن میں گزشتہ کافی عرصے سے پینے اور زرعی مقصد کا پانی دستیاب نہیں تھا۔ کاشت کاروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس آپریشن کا دائرہ کار بڑھا کر تمام پانی چوروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔