ہنگورجہ، کاروباری مراکز اور ہوٹلوں کو انتظامیہ نے بند کروا دیا

94

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے شاپنگ سینٹر، ہوٹل اور کاروباری مراکز بند کرنے کے احکامات پر ہنگورجہ میں مکمل طور پر لاک ڈائون رہا۔ شہر کے تمام کاروباری مراکز اور ہوٹل کو انتظامیہ نے بند کروا دیا ہے۔شہر میں سبزی،پھل فروٹ اورروز مرہ کی استعمال کی اشیا کے دکان کھلے رہے جب کہ پولیس اور انتظامی عملہ شہر میں گشت کرتے نظر آئے جبکہ ہنگورجہ کے شہریوں نے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔ ٹائون کمیٹی ہنگورجہ کے چیئرمین سید عباس علی شاہ لکیاری نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا وائرس سے بچائو کے لیے جو اقدمات اٹھائے ہیں وہ عوام کے مفاد کے لیے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے شہریوں کو اپنے گھروں میں رہنا پڑے گا۔ سندھ آبادگار اتحاد کے رہنمائوں کامریڈ خدا بخش سہتو، کانڈیرو خان سہتو اور حاجی خان چانگ نے بھی سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی جبکہ ہوٹل مالکان نوید احمد دایو، ضمیر احمد تنیو اور دیگر نے کہا کہ ہوٹل بند ہونے سے محنت کش لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔