سراج الحق کا بلاول زرداری سے رابطہ ،کوروناکیخلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

209

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور بچائو کے لیے مؤثر اقدامات کے حوالے سے گفتگو کی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے اوروبا کے خلاف جنگ میں مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس کی ذمے داریوں کے حوالے سے متوجہ کرتے رہیں گے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے جماعت اسلامی کی طرف سے سندھ میں خصوصی تعاون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی مفاد میں فیصلے کیے ہیں ، کورونا ایک قومی مسئلہ ہے ،موجودہ صورتحال میں سیاست سے بالاترہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ بلاول زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ سینیٹر سراج الحق اور بلاول زرداری نے کورونا سے بچائو کے لیے وسیع ترقومی مشاورت کی ضرورت پربھی اتفاق کیا ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپیل کی ہے کہ بزرگ ،بچے اور مائیں بہنیں کورونا سے بچائو کے لیے اپنے گھروں میںتوبہ استغفار اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں ۔