حیدرآباد:لاک ڈاؤن کا چوتھا روز غریبوں کے گھر فاقے ،دکانیں کھولنے پر 2 گرفتار

246

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے باعث حیدرآباد میں چوتھے روز بھی لاک ڈاؤن‘عوام گھروں میں محصور‘بعض مقامات پر دکانیں کھولنے پر رینجرز طلب،2افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کرفیو کی افواہوں کے باعث پیٹرول پمپ پر عوام کا رش‘ پولیس نے رش کے باعث پیٹرول پمپس بند کرادیے۔ تفصیلات کے مطا بق کورونا وائرس کے باعث حیدرآباد میں چوتھے روز بھی لاک ڈاؤن‘عوام گھروں میں محصور‘بعض مقامات پر دکانیں کھولنے پر رینجرز طلب،2افراد کو گرفتار کرلیا گیا، حیدرآباد اور گردونواح میں چوتھے روز بھی تجارتی سرگرمیاں معطل رہی‘ ٹرانسپورٹ بند اورسرکاری ونجی اداروں میں چھٹی رہی،قائدآباد سمیت دیگر علاقوںمیں3روز سے پریشان حال دکانداروں نے دکانیں کھولنے کی کوشش کی تاہم اسسٹنٹ کمشنر سٹی غلام ارباب نے پولیس ورینجرز کی نفری کے ہمراہ پہنچ کر بازار بند کرادیے جبکہ شہر میں رینجرز کی گاڑیاں گشت کرتی رہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے سختی سے متنبہ کیا ہے کہ 15 روز کے لیے بازاریں بند رہیں گی اگر کسی نے کھولنے کی کوشش کی تو قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ پولیس نے سائٹ ایریا میں واقع بولیورڈ مال کے نادر گارمنٹس اور شوز کی دکانیں کھولنے پر منیجر محمد مبشر یوسفزئی اور علی محمد صدیقی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ چوتھے روز بھی تمام کاروبار بند ہونے سے بڑی تعداد میں دکاندار اور ٹھیلے لگانے والے سخت پریشان ہیں، گھروںمیں فاقہ کشی کا عالم ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کوئی متبادل بندوست بھی نہیں کیاجارہا ہے ۔دوسری جانب جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 3روز کے لیے پیٹرول سمیت کرفیو کی افواہوں کے باعث پیٹرول پمپس پر عوام کا رش لگ گیا، بڑی تعداد میںلوگوںکے جمع ہونے پر پولیس نے پیٹرول پمپس بند کرادیے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیغامات چلائے گئے کہ عوام کسی افواہ پر کان نہ دھریں وزیر اعلیٰ سندھ نے کرفیو کا اعلان کیا ہے نہ ہی 3روز کے لیے پیٹرول پمپس‘ میڈیکل اسٹور اور پرچون کی دکانیں بند کرنے کا کوئی اعلان ہوا ہے۔