پاکستان ایران پر عاید امریکی پابندیوں کے خاتمے کیلیے سرگرم

250

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ایران پر عاید امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے سرگرم۔ قوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عاید پابندیوں کو اٹھایا جائے۔ایران پر پابندیوں کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس وقت کورونا وبا کی وجہ سے ایران شدید مشکلات کا شکار ہے،ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس وبا سے متاثر ہیں اور اموات کی شرح بھی بہت زیادہ ہے، معاشی پابندیوں کے باعث ایران کو اس وبا پر قابو پانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ خط درخواست کی ہے کہ پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے، میری ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو انہوں نے بھی یہی درخواست کی کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عاید پابندیوں کو اٹھایا جائے،اس وقت ایران کو ادویات، وینٹیلیٹرز اور دیگر علاج سے متعلقہ سامان کی اشد ضرورت ہے، معاشی پابندیاں
ان اشیاء کے حصول میں آڑے آرہی ہیں اور پاکستان کو اس صورت حال پر بے حد تشویش ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر ایران میں کورونا وبا مزید شدت اختیار کرتی ہے تو یہ پورے خطے کے لیے شدید خطرات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، پاکستان نے انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عاید پابندیوں کے خاتمے کے لیے اپنی کاوشوں کا آغاز کر دیا ہے،ہم نے پی فائیو سفرا ء سے گزارش کی ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ پیغام اپنے اپنے دارالخلافہ تک پہنچائیں، انسانیت کے ناطے ایران پر عاید پابندیوں کو ہٹایا جائے اور انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہمارا ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیں ان کی صورتحال کا پورا ادراک ہے، اس لیے ہم اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغانستان کی تجارت پاکستان کے راستے ہوتی ہے، جب افغانستان کی طرف سے درخواست موصول ہوئی تو پاکستان نے افغانستان کی آسانی کے لیے ٹرکس کو گزرنے کی اجازت دی، ہم نے ممالک سے رابطوں کا آغاز کیا ہے، ہمیں مل جل کر ایک دوسرے سے تعاون کے ذریعے اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔