حکومت اور عوام مل کر ہی کورونا کا مقابلہ کرسکتے ہیں، صدر مملکت

326

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہے، قومیں مشکلات اور مصائب کا مردانہ وار مقابلہ کرنے سے ہی بڑی قوم بنتی ہیں، پاکستانی قوم نے مسلط کردہ جنگوں، سیلاب، اور دہشت گردی کا مردانہ وار اور یکجہتی سے مقابلہ کیا ہے، مجھے
پورا یقین ہے کہ پاکستانی قوم ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے کامل یکجہتی کے ساتھ کورونا کی وبا کا مقابلہ کرے گی اور اسے شکست فاش دے گی، پاکستانی بہادر قوم ہے اور یہ قوم بہت کچھ کرسکتی ہے۔ ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پرعوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے دوران شہریوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے جو تجربات سیکھے گئے ہیں، ان کے مطابق میل جول اور غیر ضروری نقل و حمل کو محدود کیا جائے تو اس وبا سے مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکتا ہے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر جانے سے گریز کریں، گھر کا جو فرد باہر نکل رہاہو اسے احتیاطی تدابیر اختیارکرنی چاہیے، باہرجاتے ہوئے جو ماسک استعمال کررہے ہیں گھر واپس آتے ہی اسے مناسب طریقے سے تلف کردیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب، ایران، عراق اور مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں مساجد میں فرض نمازوں کاسلسلہ روک دیا گیا ہے، میری مختلف مکاتب فکر کے علما کرام سے گفتگو ہو رہی ہے، حدیث کے مطابق بیمار اور صحت مند افراد کے مابین میل جول کی ممانعت کی گئی ہے، جامع الازہر کے علما سے بھی رابطہ ہوا ہے جبکہ امام کعبہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان کی رائے حاصل کی جاسکے۔ صدر مملکت نے کہاکہ دعاؤں اورعبادات کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیراختیارکرنا سنت ہے۔ایک شہری کے سوال کاجواب دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہر ایک شہری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی صرف ہمارا نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک کا مسئلہ بھی ہے، ہمارے اسپتال اور سہولیات ناکافی ہیں، اس صورتحال کے تناظر میں حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے لیکن حکومت اور عوام نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے یہ ایسی جنگ ہے جو ہمارے گھروں سے لڑی جارہی ہے اوراس وبا کو صرف اسی صورت میں شکست دی جاسکتی ہے جب ہم سب ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔