شمالی کوریا کے 2 نئے میزائل تجربات

193

 

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے مزید میزائل تجربات کیے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ شمالی کوریا نے 2 میزائلوں کے تجربے کیے، جو شمالی سمندر کی طرف داغے گئے۔ جنوبی کوریائی فوج کے مطابق درمیانے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے 2 بیلسٹک میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی سمندر میں جمعہ اور ہفتے کے درمیان کسی وقت داغے گئے۔ داغے گئے میزائل 50 کلومیٹر کی بلندی پر اور 400 سے زائد کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے جنوبی کوریا کے مشرقی سمندر میں گرے۔ جنوبی کوریا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس نے دعویٰ کیا کہ دونوں میزائل شمالی کوریا کے شمالی صوبے سے داغے گئے جو چین کی سرحد کے قریب ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈ کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا نے 2میزائل داغے، جو جاپان کے اکنامک زون کے باہر کی طرف گرے۔ جنوبی کوریا نے ان تجربات کو انتہائی غیر ضروری قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی پیانگ یانگ حکومت نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ اپریل میں شمالی کوریائی سپریم پیپلز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہو گا، جس میں 700 ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ شمالی کوریا مانیٹرنگ ویب سائٹ این کے نیوز سے وابستہ ریچل منیونگ لی کے مطابق اگر یہ اجلاس واقعی منعقد ہو جاتا ہے، تو یہ اس بات کی نشاندہی کرے گا کہ پیانگ یانگ حکام کورونا وائرس سے نمٹنے میں اپنی مبینہ کامیابی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی دوسری ملاقات کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل معطل ہے۔ پیانگ یانگ نے اس ملاقات میں اپنے متنازع جوہری پروگرام کی جزوی بندش کے بدلے بیشتر امریکی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا، جسے واشنگٹن نے مسترد کر دیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد پیانگ یانگ نے 17 ماہ کے وقفے کے بعد بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کا سلسلہ بحال کر دیا اور صرف گزشتہ سال میں 13 تجربات کر ڈالے۔ گزشتہ برس نومبر سے رواں سال مارچ تک تجربات میں پھر سے وقفہ دیکھا گیا، جس کے بارے میں ماہرین کی رائے یہ ہے کہ ایسا ممکنہ طور پر خطے میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے تناظر میں کیا گیا۔ مارچ میں اس سے قبل بھی شمالی کوریا نے اسی طرز کے 2 مختلف میزائل تجربے کیے۔ ہفتے کے روز کیے گئے تازہ تجربات کے بعد اتحادی ممالک جنوبی کوریا اور امریکا نے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔