ادلب میں حملہ‘ 3 تُرک فوجی جاں بحق‘ چوتھا زخمی

124

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی علاقے اِدلب میں مختلف واقعات میں 3 ترک فوجی شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ترک وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اِدلب کے غیر عسکری علاقے میں انتہا پسند گروہوں کے راکٹ حملے میں 2 فوجی جام شہادت نوش کر گئے اور ایک زخمی ہو گیا۔ اعلان میں مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے انتہا پسندوں کو فوری طور پر نشانہ بنایا گیا اور انہیں سخت نقصان پہنچایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت دفاع کے مطابق بہار کی ڈھال آپریشن کے سلسلے میں اِدلب میں فرائض ادا کرنے والا ایک ترک فوجی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا ہے۔ دوسری جانب ترک فوج جن علاقوں میں منبع امن آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، وہاں دہشت گرد تنظیم ’پی کے کے‘ کے 4 دہشت گردوں نے گرفتاری پیش کردی ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ترک کمانڈوز کی کوششوں سے 4 دہشت گرد خود کو فورسز کے حوالے کرنے پر آمادہ ہو گئے۔ علاوہ ازیں ترک ضلع باتمان میں 2 دہشت گردوں جب کہ ضلع ماردین کی تحصیل نصائے بن میں ایک دہشت گرد نے گرفتاری پیش کی۔