کورونا پر کوئی کوتاہی ہوئی نہ برداشت کی جائے گی، فردوس عاشق

169

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشر یات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر امداد دے گا،عوام نے عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے ،عوام ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام اور ہفتے کو کورونا وائرس کے حوالے سے موثر میڈیا حکمت عملی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے عوام کو مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے ،عوام ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں اور ریسٹورنٹس میں بیٹھنے کے بجائے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر دے گا جبکہ پاکستان کو ایشین ڈیولپمنٹ بینک 350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم کی صحت کا تحفظ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،وزیر اعظم ذاتی طور پر ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔