فضل الرحمن کی حکومت کو غیر مشروط تعاون پیش کردیا( چاروں صوبوں میں سیل قائم)

177

اسلام آباد (صباح نیوز)سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو غیر مشروط خدمات پیش کردیں، رضاکار ’’صاف رہو خوش رہو‘‘ مہم میں عوام کوگلاب کے پھول پیش کریں گے، مولانا کی ہدایت پر رضا کاروں پر مشتمل اینٹی کورونا سیل قائم کردیا گیا ہے ، سیل مرکزی سالار انجینئر عبد الرزاق عابد لاکھو کی نگرانی میں کام کرے گا۔ بلوچستان سے حاجی دین محمد ، سندھ سے حافظ سراج، خیبرپختونخوا سے مولانا عزیز احمد، پنجاب سے مولانا حسن معاویہ اور گلگت بلتستان سے مولانا دلدار عزیزی سیل کے ارکان ہوں گے۔اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے 40ہزار رضا کار امدادی ٹیموں میں کام کرنے کے لیے پیش کریں گے، خیبرپختونخوا سے 15ہزار، سندھ سے 10ہزار، بلوچستان سے 10ہزار، رضاکار ہوں گے جبکہ پنجاب سے 3ہزار اور گلگت بلتستان سے 2 ہزار رضاکاروں کی کھیپ تیار ہے، سالار اپنی صوبائی امرا اور نظم کی توسط سے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں رہیں گے۔ کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک رضاکار بلا تفریق بلامعاوضہ کام کریں گے، رضاکار ماسک، سینیٹائزر کے علاوہ راشن بھی مستحقین کے گھروں تک پہنچائیں گے۔مولانا فضل الرحمن نے کورونا وبا کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر انتظامی اقدامات میں جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں تعاون کریں گی، مشکل گھڑی میں حکومت کا فرض تھا کہ وہ قوم کو متحد رکھنے کے لیے عملی اور مخلصانہ اقدام کرتی، اسلام آباد پہنچ کر جلدمتفقہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ جے یو آئی (ف) اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے کارکنان مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور عوام الناس میں کورونا وائرس کے متعلق آگہی مہم چلائیں۔مولانا فضل الرحمن نے تمام مساجد کے خطبا، مدیران مدارس اور علما کرام سے اپیل کی کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان سے جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں جمعیت علما اسلام آگے بڑھ رہی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو اس وبا سے محفوظ رکھا جائے ۔