معاشی ٹیم وزیراعظم کو صنعتوں کیخلاف اقدامات پر اکسارہی ہے‘ صنعتی ایسوسی ایشنز

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر اور شہر کی7 صنعتی ایسوسی ایشنز نے کے الیکٹرک کے انڈسٹریل سپورٹ پیکیج ایڈجسٹمنٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صنعتی تعاون کی باتیں کرتے ہیں‘ ان کی معاشی ٹیم ان کو صنعتوں کے خلاف اقدامات پر اُکسا رہی ہے‘ وزیراعظم کی ٹیم ملک کو تباہ کرنے آئی ہے‘کراچی کے ساتھ مسلسل سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہاہے‘کراچی کے ساتھ زیادتی بند کی جائے‘ شرح سود 75 بیسز پوائنٹس کم کرکے مذاق کیاگیا ہے اور گورنراسٹیٹ بینک ملکی سلامتی کے مخالف اقدامات کررہے ہیں کیونکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے تباہ حال معیشت کے سبب مارک اپ کی شرح زیرو کی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں اسٹیٹ بینک مارک اپ کی شرح کو دنیا کے مساوی لانے کے بجائے صرف75 بیسز پوائنٹسکم کرکے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہفتے کوکراچی چیمبر آف کامرس میں چیئرمین بی ایم جی گروپ سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر کے صدر آغا شہاب احمدخان، کاٹی کے صدر عمر ریحان، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چائولہ، زبیر موتی والا، جاوید بلوانی اور دیگر کے ہمراہ کے الیکٹرک کے انڈسٹریل سپورٹ پیکج ایڈجسمنٹ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تمام انڈسٹریز کوآئی ایس پی اے کے نام پرکے الیکٹرک نے اضافی بل بھیجے ہیں‘ہم حکومت وقت سے کہتے ہیں کہ ان اضافی بلوں کو روکا جائے‘ تمام صنعتی زون اضافی رقم نکال کر بل ادا کریں گے اور اگر کے الیکٹرک نے بل نہ لیے تو پھر ہم بل ادا نہیں کریں گے‘ اگر ہمیں پریشان کیا گیا اور ظالمانہ فیصلہ واپس نہ لیا تو پھر ہم فیکٹریاں بند کردیں گے‘ پاکستان میں باقی دنیا سے اُلٹا کام ہو رہا ہے‘ ایک طرف وزیر اعظم عمران خان ایکسپورٹ بڑھانے کی بات کر رہے ہیں‘ دوسری جانب ہمیں تنگ کیا جارہا ہے ۔سراج قاسم تیلی نے کہا کہ اس وقت ساری دنیا بند ہوگئی ہے تومتوقع پیکج کس کام کا ہے‘ انڈسٹری چلانے کے حوالے سے اقدامات ہونے چاہئیں‘ ہر ہفتے انڈسٹری کی گیس بند ہو جاتی ہے‘ کے الیکٹرک صرف بل بناتی رہتی ہے۔ سراج قاسم تیلی اور صنعتی ایسوسی ایشن کے صدور نے کورونا وائرس کے حوالے سے سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ سیدمراد علی شاہ نے بہترین اقدامات کیے ہیں اور جہاں صوبائی حکومت کو ہمارے تعاون کی ضرورت ہوگی ہم حاضر ہیں۔