سانحہ رضویہ: ملزم بلڈر کے ریمانڈ میں توسیع، ایس بی سی اے افسران کی ضمانت

183

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقامی عدالت نے سانحہ رضویہ عمارت گرنے کے مقدمے میں ملزم بلڈر جاوید عرف پورشن کے جسمانی ریمانڈ میں 23 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے ایس بی سی اے کے 3 افسران کی 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کے روبرو ملزم بلڈر جاوید عرف پورشن کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نابینا ہونے کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ملزم نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کچھ لوگوں کے نام بتائے ہیں۔ وکیل صفائی نے مؤقف دیا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ ملزم نابینا ہونے کی وجہ سے شناخت نہیں کرسکتا۔ ملزم کو جیل بھیج دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نابینا ہے مگر زبانی شناخت ہوسکتی ہے۔ ملزم کی وجہ سے 27 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ عدالت نے ملزم بلڈر جاوید عرف پورشن کے جسمانی ریمانڈ میں 23 مارچ تک توسیع کردی اور ملزم کو 24 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے سانحہ رضویہ کے ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے سرفراز جمالی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقصود قریشی اور انسپکٹر عرفان کی ضمانت 5، 5 لاکھ کے عوض منظور کی۔ سماعت کے بعد ملزم بلڈر جاوید عرف پورشن نے میڈیا کو بتایا کہ 27 افراد کے جاں حق ہونے کا مجھے بھی افسوس ہے۔ میرے اپنے لوگ بھی بلڈنگ گرنے سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ بھانجا جاں بحق ہوا بیٹی اور میں زخمی ہوئے تھے۔ مجھے نہیں پتا میرے بچے اس وقت کہاں ہیں۔ میں گرفتار ہوں اسلیے میرا کسی سے بھی رابطہ نہیں۔