کورونا پر پارلیمانی کمیٹی کا قیام،15 سینیٹرز کے نام اسپیکرقومی اسمبلی کوروانہ

126

اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے 15سینیٹرز کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں کورونا وائرس سے بچائو اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کی طرف سے نام آتے ہی پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی جائے گی ۔ اس دوران چیئر مین سینیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے بہت جلد سینیٹرز کے نام اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کر دیے جائیں گے۔ اس کے بعدچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے 15سینیٹرز کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے گئے ۔ ان میں پارلیمانی لیڈرز اور قائد ایوان شبلی فراز اور قائد حزب اختلاف سینیٹ راجا ظفر الحق بھی شامل ہیں ۔اس کے علاوہ سینیٹر سراج الحق ،اعظم سواتی ، مشاہد اللہ خان ، شیری رحمن ،محمد علی سیف ، میرحاصل بزنجو ، مولانا غفور حیدری ، عثمان کاکڑ ، ستارہ ایاز ، جہانزیب جمال دینی ، مظفر شاہ ، انوار الحق اور سینٹر اورنگزیب کے نام بھی شامل ہیں ۔کمیٹی کے لیے اراکین کے نام دینے کا عمل چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ہونے والی مشاورت کا نتیجہ ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ کورو نا وائرس کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا اہم ہے۔ کورونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ کمیٹی صوبوں اور وفاق کی سطح پر معاونت کاری کے عمل کو تیز کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔