وفاق کورونا سے متعلق فوری اور سخت اقدامات کرے، شیری رحمن

107

اسلام آباد(آ ن لائن )نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور عوام کو کورونا وائرس کے خطرے کی گہرائی کو سمجھنا ہوگا، حکومت وبا کے انسداد کیلیے چاروں صوبوں کی مشارت سے فوری طورپر سخت اقدامات کرنا ہوں گے،انہوں نے متنبہ کیا کہ عالمی معیار کے مطابق 100 مریضوں پر 30 وینٹیلیٹرز کی طلب ہو سکتی ہے، ملک بھر میں 2 ہزار وینٹیلیٹر ہیں،اسپتالوں میں بھی ماسک کی قلت ہے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ آئسولیشن وارڈزبنانے، اسپتالوں کے لیے ٹیسٹ کٹس اور وینٹیلیٹرز درآمد کرنے کی ضرورت ہے، شعبہ صحت اور دیگر ٹیکنیکل پیشہ ور لوگوں پر مشتمل ہیلتھ ٹاسک فورس بنائی جائے ،وفاقی حکومت ہر روز صوبائی حکومتوں کے ساتھ وڈیوکانفرنس پر اجلاس کرے۔ ہیلپ لائنوں کو زیادہ اور تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے، صحت متعلق ماہرین اور پیرامیڈیکس کو آن لائن جمع کرنے کے لیے کسی ایک وزارت سے کام لیا جائے۔ شیری رحمان نے کہا کہ مزدوروں کوبی آئی ایس پی کی ذریعے ان کی مدد کی جائے، مخیر حضرات کمزور خاندانوں کے لیے راشن میں مدد کریں، حکومت اسٹورز پرفوڈ سپلائی کو یقینی بنائے۔