ایس آئی یو ٹی میں کورونا کی مفت اسکریننگ کی جارہی ہے،ڈاکٹرادیب

166

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف معالج اور سندھ انسٹی ٹیویٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے روحِ رواں ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا ہے کہ ایس آئی یو ٹی میں24 گھنٹے سے کورونا وائرس کی بالکل مفت اسکریننگ کی جا رہی ہے، کورونا سے ڈریں مت، چیک اپ کرائیں۔ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں کورونا وائرس سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ادیب رضوی نے بتایا کہ ہم نے کورونا وائرس کی اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اسپتال کورونا وائرس ٹیسٹ کے پیسے لے رہے ہیں نام نہیں لینا چاہوں گا، ہم اپنے مریضوں سمیت دیگر جو باہر سے آرہے ہیں ان کے بھی ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ ہر شخص کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہیں کیا جاتا، چیسٹ انفیکشن، نمونیا، نزلہ زکام، کھانسی کی علامات ہیں تو ان کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کورونا سے ڈریں مت، چیک اپ کروائیں اور ڈاکٹر کے مشورے پر ٹیسٹ کروائیں، عوام آئسولیشن میں رہیں، رابطے کم کردیں، گھروں میں بھی تمام احتیاطی تدابیر کا خیال کریں۔ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ ڈیلی ویجز پر جانے والے افراد کے لیے گھروں میں رہنا مشکل ہوگا۔ حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، ہم سب کو مل کر سوچنا ہے۔