کورونا تمباکو نوشی کرنے والوں پر تیزی سے اثرانداز ہوتا ہے،ماہرین

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہر امراض سینہ ڈاکٹر جاوید اکرم نے خبر دار کیا ہے کہ کورونا وائرس تمباکو نوشی کرنے والے افراد پر تیزی سے اثر انداز ہوتا ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ کورونا وائرس بزرگوں اور تمباکو نوشی کرنے والوں پر زیادہ اثر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا خواتین کی نسبت مردوں میں تیزی سے پھیلا، کوروناوائرس سے متعلق 3 ڈرگس میں کام ہو رہا ہے جب کہ ایک دوا پر کافی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب جناح اسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خاتمے سے متعلق ابھی کوئی دوائی نہیں، امریکا سمیت مختلف ممالک میں ویکسین کی تیاری کی جا رہی ہے، 5 احتیاطی تدابیر اپنانے سے وائرس سے کچھ حد تک بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو آن لائن ہوم ورک دیا جا سکتا ہے، پارکس، مالز اور جیمز میں لوگوں کو جانے سے اجتناب کرنا چاہیے، غیر ضروری دوا نہیں لینی چاہیے، بیرون ملک سے آنے والوں کواس وقت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔