سید عبدالرشید نے ضلع جنوبی میں کورونا ہیلپ ڈیسک قائم کردیا

176

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع کراچی جنوبی سید عبدالرشید نے لیاری میں اپنے حلقے پی ایس 108سمیت ضلع جنوبی کی تمام یوسیز میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کورونا وائرس ہیلپ ڈیسک قائم کردیا۔اس سلسلے میں آن لائن معلومات تک رسائی کے لیے واٹس اپ گروپس بھی تشکیل دے دیے ہیں جن کے لنک پبلک کردیے گئے ان گروپس میں لنک کے ذریعے لوگ خود جوائن شامل ہوسکتے ہیں۔کورونا وائرس کی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے جماعت اسلامی لیاری کے ذمے داران کی ڈیزاسٹر ایمرجنسی پلان سے متعلق اہم مشاورتی میٹنگ بھی کی گئی جوکہ آخری براہ راست میٹنگ قرار دی گئی آئندہ صرف فون واٹس اپ یا کم سے کم انٹریکشن کے ذریعے ہدایات پہنچانے کا فیصلہ کیاگیا۔رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشیدنے ذمے داران کو حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہاکہ تمام ذمے داران وکارکنان اپنے خاندان پڑوسیوں اور محلے داروں کو گھروں پر رہنے کے لیے قائل کریں۔ان کا کہنا تھا کہ احتیاط ہی زندگی ہے اس سلسلے میں گھروں پر اجتماع اہل خانہ کااہتمام کریں، رجوع الی اللہ کے لیے نماز کی پابندی،نفلی روزوں کا اہتمام ،مطالعہ قرآن ترجمہ و تفسیر کے ساتھ کرنے کا اہتمام کریں۔انہوں نے جماعت اسلامی کی تمام دعوتی وتنظیمی اجتماعات معطل رکھنے کی بھی ہدایت کی اور اعلان کیا کہ پی ایس 108 سمیت ضلع جنوبی کی تمام یوسیز میں ان کی نگرانی میں کورونا وائرس ہیلپ سینٹرز کاقیام کیاجارہا ہے جہاں صرف ایک سے 2 مقرر کردہ متعلقہ ذمے دار معلومات کی آگاہی کے لیے موجود رہیں گے باقی کارکنان گھروں پر رہیں گے۔ان ہیلپ سینٹرز پر کورونا سے متعلق سرکاری اداروں کے اہم ٹیلیفون نمبرز موجود ہوںگے۔انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ کارکنان خود بھی عمل کریں اور عوام کو قائل کریں کہ ہاتھ نہ ملائیں صرف’’السلام وعلیکم ورحمتہ اللہ برکاتہ‘‘ کہنے کارواج ڈالیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نظم جماعت سے رابطے میں رہیں۔ حکومت کو ضرورت ہوئی اور جماعت اسلامی سے رجوع کیا گیا تو کارکنان نظم کی ہدایت پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ایم پی اے سید عبدالرشید نے واضح ہدایت کی کہ خود سے کسی کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کے قریب جانے سے گریز کریں بلکہ حکومت سندھ کے طے شدہ طریقہ کار کو فالو کریں۔اپنے ارد گرد مستحق لوگوں پر نظر رکھیں اپنے دسترخوان سے ایسے افراد کاخصوصی خیال کریں خصوصاً اپنے پڑوسی اور رشتے داروں کی ازخود مدد کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ کمزور اور ضرورت مندوں کی امدادکے لیے ضروری راشن خصوصا آٹا چاول دال چائے کی پتی وغیرہ کے عطیات جمع کریں خود ایک روٹی کھائیں لیکن پڑوسی کا خیال رکھیں۔اس سلسلے میں انہوں نے پی ایس 108 میںٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی ،یوسی1آگرہ تاج فتح محمد،عاطف خان ،یوسی 9بہارکالونی،گلستان کالونی،رانگی واڑہ کے لیے جمیل شیخ ،یوسی 12سنگولین یوسی 13چاکیواڑہ اور یوسی 14کلاکوٹ کے لیے امین بلوچ اور یوسی 15نوالین ابوبکر بلوچ ہیلپ سینٹرز جبکہ ساجد بلوچ لیاری جنرل اسپتال سے متعلق معاملات میں ایم پی اے سید عبدالرشید کی معاونت کریںگے۔