جماعت اسلامی کا70دفاتر ٗالخدمت اسپتال وکلینکس ’’کورونا ہیلپ سینٹر ‘‘میں تبدیل کرنیکااعلان

751
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے 70دفاتر اور الخدمت کے تمام اسپتالوں اورکلینکس کو ’’کورونا ہیلپ سینٹر ‘‘میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کورونا وائرس پیدا ہونے والے ایمرجنسی حالات میں مارچ اور اپریل کے بجلی اور گیس کے بلز معاف کیے جائیں ،انڈسٹریز کو دیے جانے والے اضافی چارجز بجلی بل ختم کیے جائیں ،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 50فیصدکم کرکے عوام کو معاشی ریلیف دیا جائے ،تمام سرکاری وغیر سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کا مفت انتظام کیا جائے۔ سوشل سیکورٹی کے اسپتالوں میں آئسولیشن سینٹرز بنائے جائیں ، آغا خان ،لیاقت نیشنل ،ضیا الدین جیسے اسپتالوں کو فری سروس اور ٹیسٹنگ کا پابند کیا جائے ،پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ تذلیل آمیز رویوں ، رشوت خوری اور گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ،فیکٹری مزدوروں کو فہرستوں کے مطابق راشن اور امدادی اشیا فراہم کی جائیں،بالخصوص ٹھیکیداری نظام کے تحت مزدوروں کے لیے فوری راشن کا انتظام کیا جائے ۔وزیر محنت فوری طور پر سہ فریقی فیڈریشنز ،ٹریڈ یونینز و رہنماؤںکے ساتھ میٹنگ بلا کر مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کا لائحہ عمل بنائیں۔ حکومتی پیکج کا صحیح ہاتھوں میں ترسیل کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے اس کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت مکمل تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’کورونا وائرس اور شہر کی موجود ہ صورتحال‘‘ کے حوالے سے ادارہ نورحق میںایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، الخدمت کے سیکرٹری راشد قریشی ، امیرضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور الخدمت کے قاضی صدر الدین ،این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کراچی نے اس سلسلے میں مرکزی ، ضلعی اور علاقائی کمیٹیاں فوری طور پر قائم کر دی ہیں ، جو مرکزی سطح پر ڈاکٹر اسامہ رضی کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی سے رابطے میں ہوں گی۔جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نوجوان اس حوالے سے پورے شہر میں اور تمام اسپتالوں میں خصوصی خدمات انجام دینے کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے اور اس حوالے سے ان کی خصوصی ٹیمیں کراچی یوتھ کے صدر ہاشم ابدالی کی قیادت میں تشکیل دی جائیںگی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خدا سے رجوع ، توبہ استغفار اور اس وبا سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں ایک تربیتی و آگہی مہم چلائے گی ۔ عوام آزمائش کی اس گھڑی میں تعاون کریں ، فیکٹری مالکان مزدوروں کے لیے ایثار کا مظاہرہ کریں اور چھٹیوں کے دوران ان کی تنخواہوں میں کٹوتی نہ کریں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، کیونکہ ہر مصیبت اور آفت خدا کی طرف سے یا تو تنبیہ ہے یا آزمائش ،ہمیں اس پر ایمان رکھنا چاہیے اور اللہ پر توکل کرتے ہوئے،تمام احتیاطی تدابیر بھی بروئے کار لانی چاہئیں اور ہر خوف سے باہر آجانا چاہیے ، کیونکہ زندگی اور موت سمیت ہر چیز خدا کے ہاتھ میں ہے ، البتہ ، اس نازک گھڑی میں اصل ذمے داری حکومتوں پر عاید ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کا اولین فریضہ تھا کہ وہ فوری ریلیف کا اعلان کرتی ، حکومت کورونا کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت گرنے کا فوری ریلیف عوام کو دیتی ،لیکن وہ یہ نہ کرسکی ، صوبائی حکومت کی سطح پر گوکہ وزیر اعلیٰ صاحب بہت بھاگ دوڑ کر رہے ہیں اور غالباً اپنی سطح پر انہوں نے کافی محنت کی ہے ، جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، لیکن اصل مسئلہ وزیر اعلیٰ کی بھاگ دوڑ کا نہیں بلکہ پوری حکومتی مشینری کی بہتر کارکردگی کا ہے۔