دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بدترین مندی‘ خام تیل کی قیمت 18سال کی کم ترین سطح پر

359

کراچی (صباح نیوز) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں منہ کے بل جا گریں جب کہ خام تیل کی قیمت 18سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ بھی شدید مندی کا شکار رہی‘ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا100انڈیکس 5393 پوائنٹس کم ہو کر30667 پوائنٹس کی سطح پر آگیا‘ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو 2008ء کے بحران کے بعد کسی ایک ہفتے میں سب سے زیادہ گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا اور انڈیکس میں ایک ہی ہفتے میں15فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرسسرمایہ کاروں کے 900 ارب روپے نگل گیا‘چھوٹے سرمایہ کاروں کا دیوالیہ نکل گیا۔ گزشتہ ہفتے 5 میں سے 4 روز مارکیٹ اتنی تیزی سے گری کہ اسے خودکار حفاظتی مکینزم کے تحت 4 مرتبہ 45 منٹ کے لیے بند کرنا پڑا۔ مندی کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نکال لی۔ کاروباری ہفتے میں7607 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا‘ انڈیکس کی بلند ترین سطح 36060 اور کم ترین سطح 28453 پوائنٹس رہی۔ کاروباری ہفتے میں ایک ارب 19 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔ ہفتے وار کاروباری مالیت 43 ارب روپے رہی‘ مارکیٹ کیپٹلائزیشن887 ارب روپے سے کم ہوکر 5907 ارب ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے بادل چھائے رہے۔ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی‘ چین کی اسٹاک مارکیٹ میں7 فیصد کمی، جاپان کی اسٹاک مارکیٹ میں8 فیصد، ہانگ کانگ 5 فیصد کمی، فرانس6 فیصد، جرمنی7 فیصد اور بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں 14 فیصد کمی رہی۔ دریں اثنا ایک ہفتے کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری رہا‘ امریکی خام تیل29 فیصد سستا ہوگیا اوراس کی قیمت 22 ڈالر63 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آگئی جب کہ برطانوی خام تیل20 فیصد سستا ہوگیا‘ قیمت کم ہوکر 26 ڈالر93 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آگئی۔