عوام کے تعاون کے بغیر کورونا سے نمٹنا ممکن نہیں‘ سندھ حکومت

296

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہاہے کہ جب تک عوام خود احتیاط نہیں کریں گے کوئی حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی،غیر ضروری چیزوں کے لیے گھر سے باہر نہ نکلیں تو سب کے لیے اچھا ہوگا، 3 دن سب بند کرنے کا مقصد بھی لوگوں کوگھروں تک محدود کرنا ہے، ہماری ترجیح ہونی چاہیے لوگوں کو سمجھائیں گھروں سے باہر نہ نکلیں، 14دن آئسولیٹ سیاسی تخلیق نہیںبلکہ ڈاکٹروں کی رائے ہے اس دورانیے میں متاثرہ شخص میں علامات ظاہر ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طبی عملے کو فرنٹ لائن کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کراچی میں72 افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ احتیاط اور خود کو محفوظ رکھنے کے فائدے سامنے آئے ہیں ہم سب ذمے دار شہری ہونے کا مظاہرہ کریں۔ علاوہ ازیںسندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات و جنگلی حیات سیدناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی پوری کابینہ اور انتظامیہ کوروناوائرس سے پھیلنے والی وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کے ساتھ ہے، وفاقی حکومت جو بھی حکمت عملی بنائے گی اس میں سندھ حکومت کو اپنے ساتھ پائے گی۔ یہ بات ہفتے کو انہوں نے وزیراعظم کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے چاروں صوبوں کے وزرا اطلاعات کے بنائے گئے گروپ کی پریس کانفرنس میں کہی۔سید ناصر حسین شاہ کہا کہ چیئرمین بلاول کے احکامات کے مطابق سندھ کابینہ کے تمام اراکین نے فی الحال تنقید برائے تنقید اورسیاست کو قرنطینہ میں رکھ دیا ہے۔مشیر اطلاعات و نشریات صوبوں کے وزراء اطلاعات کا گروپ بنانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اس کوشش سے ہم سب کی جو بھی بات ہوگی وہ ایک ساتھ ہوگی، اس موقع پر میڈیا ہاؤسز کو بھی سپورٹ ملنی چاہیے،سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب ساتھ ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی اپیل پر جس طرح عوام نے خود کو گھروں تک محدود کیا ہے وہ خوش آئند ہے، جتنا زیادہ لوگ احتیاط کریں گے اتنا ہی وہ خود کو اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھ پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ سندھ حکومت ہر وہ ضروری قدم اٹھائے جو کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے مددگار ثابت ہو۔ سندھ حکومت کے اب تک جو بھی اقدامات اٹھائے ہیں پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں رضاکاروں کی جانب سے حکومت کاساتھ دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام فلاحی اداروں کے تعاون سے بہت جلد اس وبا سے نجات حاصل کرلیں گے۔