عالمی اور ایشیائی بینک پاکستان کو 588 ملین ڈالر امداد دے گا، فردوس عاشق

679

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کو238 ملین ڈالر جبکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ کورونا کی وباء پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں،اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے عوام کو مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے،عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں۔ریستوران میں بیٹھنے کی بجائے ٹیک اوے کو ترجیح دیں، اس طرح کے چیلنجز سے عوام اور حکومتیں مل کر نبرد آزما ہوتی ہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کو238 ملین ڈالر جبکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ قوم کی صحت کا تحفظ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے ،اِس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی نہ ہوئی ہے اور نہ ہی برداشت کی جائے گی،وزیر اعظم ذاتی طور پر ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں وفاقی و صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ اِدارے اِشتراکِ عمل سے اقدامات کر رہے ہیں۔