کورونا وائرس: نیتن یاہو کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ

532

تل ابيب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ لے لیا گیا،اسرائیل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 705 ہوگئی ہے جبکہ 1 شخص ہلاک ہوا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی کورونا وائرس کے باعث شک کے دائرے میں ہیں جس کے بعد اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جومنفی آیا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا ٹیسٹ کورونا وائرس کے مریضوں میں اچانک اضافے کے بعد کیا گیا۔

اسرائیل میں مجموعی طور پر 700 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہےجبکہ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ 3 کی حالت انتہائی نازک اور 10 کی تشویشناک ہے۔ اسرائیل میں احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے کے باوجود کورونا وائرس بے قابو ہے۔

تل ابیب میں ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث سخت اقدامات کی منظوری دی گئی ہے جبکہ بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کردی ہے اور اجتماعات پرپابندی ہے۔