جماعت اسلامی کا مارچ اور اپریل کے یوٹیلٹی بلز معاف کرنے کا مطالبہ

515

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایمرجنسی حالات میں مارچ اور اپریل کے گیس اور بجلی کے بلز معاف کیے جائیں اور انڈسٹریز کو دیے جانے والے اضافی چارجز ختم کیے جائیں۔

 ادارہ نورحق کراچی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سرکاری،ہسپتالوں کی صورتحال تو عام مریضوں کے لیے بھی ناگفتہ بہ ہے جبکہ پرائیوٹ ہسپتال یا تو مریض نہیں لے رہے یا پھر لوٹ مار کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں اور عام شہریوں کے لیے وہاں علاج کروانے کی سکت سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پولیس کا رویہ عوام اور تاجروں کے ساتھ نہایت ہی سفاک ہے،عوام کو شہری نہیں غلام سمجھ کر ان سے غلامانہ برتاؤ کیا جا رہا ہے، کہیں دھمکی دی جا رہی ہے، کہیں گرفتار کیا جا رہا ہے اور عوام سے نہایت غیر ہمدردانہ رویہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کراچی نے اس سلسلے میں مرکزی، ضلعی اور علاقائی کمیٹیاں فوری طور پر قائم کر دی ہیں، جو مرکزی سطح پر کمیٹی سے رابطے میں ہوں گی،جماعت اسلامی کے تمام دفاتر اور الخدمت کے تمام ہسپتال،کلینک، ہیلپ سینٹر کو کورونا امدادی مراکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہےجماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نوجوان اس حوالے سے پورے شہر میں اور تمام ہسپتالوں میں خصوصی خدمات انجام دینے کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے اور اس حوالے سے ان کی خصوصی ٹیمیں کراچی یوتھ کے صدر ہاشم ابدالی کی قیادت میں تشکیل دی جائیں گی، جماعت اسلامی خدا سے رجوع، توبہ استغفار اور اس وبا سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں ایک تربیتی و آگاہی مہم چلائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ عوام آزمائش کی اس گھڑی میں تعاون کریں، فیکٹری مالکان مزدوروں کے لیے ایثار کا مظاہرہ کریں اور ان کی تنخواہوں کو نہ کاٹا جائے، حکومت کی جانب سے ایمرجنسی حالات میں مارچ اور اپریل کے گیس اور بجلی کے بلز معاف کیے جائیں اور انڈسٹریز کو دیے جانے والے اضافی چارجز ختم کیے جائیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت امدادی پیکجز کا صرف اعلان ہی نہیں بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کرے،فیکٹری مزدوروں کو فہرستوں کے مطابق راشن اور امدادی اشیاء فراہم کی جائیں۔بالخصوص ٹھیکیداری نظام کے تحت مزدوروں کے لیے فوری راشن کا انتظام کیا جائے،حکومتی پیکج کا صحیح ہاتھوں میں ترسیل کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے اس کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت تعاون کا اظہار کرتی ہے۔