حکمران خوف نہ پھیلائیں ،کورونا کے تدارک کیلئے عملی اقدام کریں،راشد نسیم

402

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاکہ حکمران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے خوف وہراس پھیلانے سے زیادہ اس کے تدارک کے لیے عملی اقدام کریں احتیاط کی اہمیت سے انکار نہیں لیکن رجوع الی اللہ کی بھی اشد ضرورت ہے سرکای سطح پر دعا وازکار اور توبہ واستغفار کا اہتمام کیاجائے‘جماعت اسلامی کے کارکنان گھروں میں بیٹھنے کے بجائے فریضہ اقامت دین ادا کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی حیدرآباد کے ایک روزہ تنظیمی دورے کے دوران ضلعی شوری‘ زونل امرا وذمے داران ‘ خواتین نظام اور برادری تنظیمات کے اجلاسوں سے الگ الگ
خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو‘ ضلعی امیر حافظ طاہرمجید ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی وبا سے بچاؤ کے لیے اسلام نے رہنما ئی کی ہے جس میں احتیاط اختیار کرنے اور اللہ سے تعلق جوڑنے پر زوردیا ہے ضروت اس امر کی ہے خوف وہراس پھیلانے کے بجائے قوم کو رجوع الی اللہ کی جانب راغب کیاجائے، حکمران خود بھی توبہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں اور عوام سے بھی اس اپیل کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی حکومت میں نہیں ہے لیکن الخدمت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ہمارے رضا کار سرگرم عمل ہیں اور رجوع الی اللہ مہم بھی جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ہی قوم کی بہترین رہنمائی کرسکتی ہے ،راشدنسیم نے تنظیمی امور کا جائزہ لیا اور حیدرآباد میں تحریکی کاموں کو مربوط انداز میںکرنے اور یوسی کی سطح پر جماعت کو منظم کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ اجلاس میں ضلعی امیر حافظ طاہر مجید نے ضلع کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ برادر تنظیموں کے ذمے داران نے بھی اپنی اپنی تنظیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔