گورنر پختونخوا کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

139

پشاور(آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت خیبر پختونخواایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس جمعہ کے روز گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ محمود خان اور کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل نعمان محمودنے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق اقدامات پرتفصیلی غور و غوض کیا گیا اور بچاؤ اور مکمل تدارک کے لیے سول و عسکری مشترکہ تعاون و اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر محکمہ صحت اور محکمہ ریلیف کے انتظامی سربراہان کی جانب سے اجلاس کوصوبہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس سے خطاب
کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کاکہناتھاکہ کورونا وائرس سینمٹنے کے لیے صوبائی حکومت بشمول عسکری ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور اس ضمن میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر عملدرآمد جاری ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں اور وائرس سے بچاؤ کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس کے مؤثر تدارک کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے کے سیاحتی مقامات پر قائم تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو محکمہ صحت کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان ریسٹ ہاؤسز کو کورونا کے مریضو ں کے لیے قرنطینہ اور آئسو لیشن مرکز کے طور پر استعمال کیا جائیگا،محمود خان نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے جس کا مقصد کورونا وائرس کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کی سرگرمیوں اور اقدامات کو مربوط بنانا اور اس سلسلے میں حقائق پر مبنی معلومات اکٹھی کرنا ہے۔